بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس اونیوز) درج فہرست ذاتوں اور قبائل سے وابستہ 2500 زرعی مزدوروں کو آئندہ مارچ دورۂ چین کروایا جائے گا۔ان تمام مزدوروں کو چین میں مزدوری سے وابستہ جدید مہارت سے آراستہ کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے پہل کی ہے۔مزدوروں کے اس دورہ پر 25کروڑ روپیوں کا خرچ آئے گا۔ یہ بات آج وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ان ٹیموں میں شامل زرعی مزدوروں کو جدید ترین کاشتکاری کے طریقوں سے آگاہ کرایا جائے گا۔کاشتکاری کے شعبے میں عالمی سطح پر چین نے جو غیر معمولی پیش رفت حاصل کی ہے اس سے استفادہ کرنے کیلئے ریاست کے کسانوں کوان دوروں کے ذریعہ ترغیب دلائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جو زرعی مزدور چین میں تجزیہ کے بعد لوٹیں گے ان میں سے منتخب کو سرکاری خرچ پر زرعی زمین مہیا کرائی جائے گی، تاکہ جدید ترین طریقے سے ان کی کاشتکاری پروان چڑھ سکے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر آنجنیا نے بتایاکہ دورۂ چین پر جانے والے زرعی مزدوروں کے پاسپورٹ ، ویزا اور دیگر دستاویزی کارروائیاں محکمۂ سماجی بہبود کی طرف سے انجام دی جائیں گی۔ محکمۂ زراعت مقامی گرام پنچایتوں وغیرہ سے مشورہ کے بعد زرعی مزدوروں کی فہرست تیار کی جائے گی۔ ہر ٹیم میں 100زرعی مزدور شامل ہوں گے۔امبیڈکر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ دستیابی کی بنیاد پر دورۂ چین سے لوٹنے والے مزدوروں کو زمین مہیا کرائی جائے گی۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ آج انہوں نے اپنے محکمہ کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے بھی میٹنگ کا اہتمام کیا۔ ان کے محکمہ میں شعبۂ زراعت وباغبانی میں 50 فیصد پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے محکمہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے 19542 کروڑ روپیوں کی رقم مختص کی گئی ہے۔